بھٹکل 21/فروری (ایس او نیوز) مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے انتخابات آئندہ ماہ یعنی مورخہ 10/ مارچ کو منعقد کئے گئے ہیں جس کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی کاروائی 23 فروری سے شروع ہوگی۔26 فروری شام پانچ بجے تک پرچہ داخل کرنے کا موقع رہے گا، اگلے روز 27 فروری کو پرچہ نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی، 2/ مارچ کو اُمیدواری واپس لینے کی تاریخ طئے کی گئی ہے اور 4/مارچ کو اُمیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ ان تمام باتوں کی جانکاری تنظیم الیکشن کمشنر جناب ایس ایم سید عبدالعظیم نے دی۔
پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بھٹکل میں تنظیم کے جملہ 1087 ممبرس ہیں، جو انتظامیہ کے لئے 35 ممبران کا انتخاب کریں گے، اندرون ہند میں موجود تنظیم کے 221 ممبران 15 ممبران کو انتظامیہ میں روانہ کریں گے، اسی طرح بیرون ہند میں تنظیم کے جملہ 1526 ممبران ہیں جو36 ممبران کو انتظامیہ کے لئے منتخب کریں گے۔
اس حساب سے دیکھا جائے تو تنظیم کے جملہ ممبران کی تعداد 2834 ہے جن کے ذریعے 86 ممبران کا انتخاب ہوگا۔تحلیل شدہ انتظامیہ سے پہلے ہی دس ممبران کا انتخاب کیا جاچکا ہے۔ جناب ایس ایم عبدالعظیم نے بتایا کہ انتخابات کے فوری بعد انتظامیہ، دس ممبران کو چنے گی، اسی طرح مجلس شوریٰ سے 11 ممبران کا انتخاب ہوگا۔پھر عہدیداران کے انتخاب کے بعد نومنتخب صدر تین ممبران کا انتخاب کریں گے اس طرح تنظیم کی جملہ انتظامیہ 120 ممبران پر مشتمل ہے۔اس کے ساتھ تنظیم میں نو سرپرست بھی ہیں۔
اس بار بھٹکل کے سلطان اسٹریٹ حلقہ میں سب سے زیادہ یعنی 170 ووٹرس ریکارڈ کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے اس حلقہ میں انتظامیہ کے لئے پانچ نشستیں دی گئی ہیں سلطان اسٹریٹ حلقہ میں اسارکیری، غزالی کامپلیکس اور وی ٹی روڈ علاقوں کو شامل کیا گیا ہے۔
پریس کانفرنس میں الیکشن کمشنر جناب ایس ایم سید عبدالعظیم کے ساتھ ان کے معاونین جناب ڈی ایف محمد صدیق اور جناب مصباح احمد چڑوباپا صاحب موجود تھے۔